اپنے ذرائع پر مکمل اعتماد ہے، متحدہ سے متعلق خبر کے ایک ایک الفاظ پر قائم ہوں: برطانوی صحافی
لندن (نوائے وقت رپورٹ) اون بینٹ جونز نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ اس طرح کی رپورٹ کو نشر کرنا ایک سنجیدہ اور اہم معاملہ ہوتا ہے۔ مجھے اپنی خبر کے ذرائع پر مکمل اعتماد ہے اور میں اپنی خبر کے ایک ایک لفظ پر قائم ہوں۔ میں اس وقت تک خبر نشر نہیں کرتا جب تک اس خبر کے صحیح اور سچ ہونے پر یقین نہ ہو۔ اس خبر کے ذرائع پر بات نہیں کرنا چاہتا۔ میرے ذرائع انتہائی باخبر پاکستانی ہیں۔ میں پاکستان کے ایک انگریزی اخبار میں ہفتہ وار کالم لکھتا ہوں۔ میں زیادہ تر اسلام، انتہا پسندی اور جہاد کے بارے میں لکھتا ہوں۔ میں نے پاکستان پر جو کتاب لکھی اس میں ایم کیو ایم پر صرف 2 صفحات ہیں۔ لندن میں پاکستانی صحافیوں کیلئے ایم کیو ایم بہت اہمیت رکھتی ہے۔ صرف میں ہی نہیں دیگر صحافی بھی متحدہ سمیت پاکستان کے دیگر امور پر نظر رکھتے ہیں۔ پاکستان میں لوگ گرفتار تو ہوئے ان پر فرد جرم عائد ہوئی یا نہیں اس بارے میں نہیں معلوم۔ سوال یہ ہے کہ عدالت میں کون سا مواد بطور ثبوت پیش کیا جائے گا، مجھے نہیں معلوم عدالت میں کیا ہو گا۔ مجھے علم نہیں کہ رپورٹ پر تحقیقاتی ادارے مجھ سے رابطہ کریں گے یا نہیں۔ میں صحافتی سرگرمیوں میں مصروف ہوں اور ایسی معلومات اکٹھی کر رہا ہوں جو پاکستان اور برطانیہ کے مفاد میں ہیں۔ میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں کہ مزید معلومات سامنے لائوں۔ صرف ایم کیو ایم پر کام نہیں کرتا۔ بی بی سی خبروں کا سنجیدہ ادارہ ہے جو ان باتوں کا خیال رکھتا ہے۔