آٹے کا تھیلا مزید 10 روپے مہنگا، دال چنا، بیسن کی قیمت میں 2 روپے کلو اضافہ
لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب کی فلور ملوں نے اوپن مارکیٹ سے خریدی جانے والی گندم سے تیار کردہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی ایکس مل قیمت میں مزید 10 روپے اضافہ کردیا ہے جس سے اس کی قیمت 720 روپے ہوگئی ہے جبکہ پرچون سطح پر اس کا ریٹ 740 روپے ہوگیا ہے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا، پنجاب کے چیئرمین انجم اسحاق اور سابق چیئرمین میاں ریاض احمد کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ایک من گندم کی قیمت 1300 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس لئے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔ مزید براں لاہور میں رمضان کے ساتویں روزے کو بھی پرچون سطح پر سبزیوں اور پھلوں کی کھلے عام گراں فروشی رہی۔ علامہ اقبال ٹاؤن،الحمد کالونی،نیلم بلاک،گارڈن ٹاون ،گلبرگ ،ایجوکیشن ٹاؤن ، فیصل ٹاؤن ،اچھرہ ،سمن آباد، مزنگ ، اندرون شہر، گلشن راوی ،سبزہ زارسمیت دیگر علاقوں میں سبزی اور پھل فروشوں نے سرکاری نرخ نامے تو آویزاں کئے لیکن کہیں بھی ان پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے۔صارفین کے مطابق دکاندار انکو سبزیاں اور پھل مقررہ نرخوں سے 10 سے 100روپے زائد میں فروخت کر رہے ہیں۔ سبزیوں میں ایک کلو آلوکچا چھلکا کی قیمت28 روپے مقرر کی گئی لیکن دکاندار38 روپے تک فروخت کر رہے ہیں۔ پیاز 38 کی بجائے50، ٹماٹر 41 کی بجائے70، لہسن دیسی 91 کی بجائے 120، لہسن چائنہ 120 روپے کی بجائے 160، ادرک سنگاپور 152 روپے کی بجائے200، بینگن17 کی بجائے22، پالک 20 کی بجائے 29 روپے، کھیرا فارمی8کی بجائے 18 روپے، کریلے 24روپے کی بجائے 40، لیموں دیسی 106 کی بجائے 200، پھلیاںباریک 42 کی بجائے 55 ، بند گوبھی 38 کی بجائے58 ، پھول گوبھی 47 کی بجائے 65 ، سبز مرچ 30 کی بجائے 75 ، شملہ مرچ 40 کی بجائے 70 ، اروی64 کی بجائے 85 ، گھیا کدو 15 کی بجائے 24 ، گھیا توری 24 کی بجائے 36 ، مٹر 106 کی بجائے 140 ، مولی 11 کی بجائے 15 ، بھنڈی 42 کی بجائے 60 ، ٹینڈے دیسی 30کی بجائے 40 ، پھلوں میں سیب سفید 110 کی بجائے 125 ،کھجور عراقی 149 کی بجائے 200 ، فالسہ99 کی بجائے 130 ، آڑو106 کی بجائے 180 ، آلوبخارہ 162 کی بجائے 250 ، آم سندھری 116 کی بجائے 116 ، کیلا اول درجن 99 کی بجائے 155 ، کیلا دوم درجن 66 کی بجائے 105 ، خربوزہ 42 کی بجائے 55 ،گرما 58 کی بجائے 70،خوبانی سفید 148 کی بجائے 160، الیچی 188 کی بجائے 200 ،آم چونسہ 116 کی بجائے 150،آم انوررٹول 116 کی بجائے 156 ،انگور گولہ کالا 183 کی بجائے270، انگور سندر خانی 287 کی بجائے 335 ،کھجور اصیل 136 کی بجائے 200 اور کھجور ایرانی 172کی بجائے240 میں فروخت ہوئی۔گزشتہ روز بھی مختلف علاقوں میں یوٹیلٹی سٹور ز چینی ،بیسن،دال چنا کی قلت برقراررہی۔ گزشتہ روز ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 209روپے رہی جبکہ ایک درجن انڈوں کی قیمت 80روپے رہی۔تھوک مارکیٹ میں دال چنا اور بیسن کی قیمت میں 2روپے کلو اضافہ ہو گیا، جس سے ایک کلو دال چنا کی قیمت 92روپے اور ایک کلو بیسن کی قیمت 97روپے ہوگئی۔