پاکستانی بلے بازوں نے غیرذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا: توصیف احمد، عامر نذیر
لاہور (نمائندہ سپورٹس/ سپورٹس رپورٹر) دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی بلے بازوں نے غیرذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا۔ ان خیالات کا اظہار سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ درمیانے درجے کے گیند باز نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو مصیبت میں ڈالے رکھا۔ بلے باز اپنی غلطیوں سے آئوٹ ہوتے رہے۔ کولمبو کی پچ میں کوئی خاص نہیں ہے۔ قومی ٹیم کم بیک کر سکتی ہے لیکن ہر مرتبہ ایسا نہیں ہوتا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر نذیر کا کہنا تھا کہ بلے بازوں نے انتہائی برے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ بلے باز نئی گیند کو کھیلنے میں ناکام رہے۔ سری لنکن بائولرز نے غیرمعمولی بائولنگ کا مظاہرہ نہیں کیا نہ ہی پچ میں تیز گیند بازوں کیلئے خاص مدد موجود تھی۔ میزبان بائولرز نے اچھی لائن و لینتھ ضرور برقرار رکھی اور فیلڈرز نے سپورٹ کیا۔ بلے بازوں نے بڑے سکور کا موقع ضائع کیا۔ ٹیسٹ کرکٹ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بیٹنگ کی جاتی تو اچھے رنز بن سکتے تھے۔