اسلام دنیا کا سب سے بڑا اور تیزی سے پھیلنے والا مذہب بن گیا: امریکی اخبار
واشنگٹن (صباح نیوز) امریکی اخبار کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسلام دنیا کا سب سے بڑا اور تیزی سے پھیلنے والا مذہب ہے۔ کیتھولک رہنما مارسینیو فارمنٹی نے امریکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ اسلام عیسائیت پر غالب آ گیا ہے۔ کیتھولک دنیا کی آبادی کا سترہ اعشاریہ چار فیصد جبکہ مسلمان انیس اعشاریہ دو فیصد حصہ ہیں جس کی وجہ مسلمانوں کی شرح پیدائش میں مسلسل اضافہ ہے۔ رومن کیتھولک عیسائی دنیا میں آبادی کے لحاظ سے کم سے کم ہوتے جا رہے ہیں۔ برطانوی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک برطانوی سینئر سرجن رتھس نے بھی گزشتہ برس اسلام قبول کر لیا اور گزشتہ برس کے دوران پانچ ہزار دو سو برطانوی باشندے عیسائیت چھوڑ کر مسلمان ہو گئے جبکہ دس برس کے دوران تقریباً ایک لاکھ برطانوی دائرہ اسلام میں داخل ہوئے جو برطانیہ کی آبادی کا ایک بڑا حصہ ہے۔ اسلام قبول کرنے والوں میں باسٹھ فیصد تعداد خواتین کی ہے جن کی اوسط عمریں ستائیس سال ہیں۔