بلاول کو فری ہینڈ دینے کیلئے دبئی اجلاس میں اہم فیصلے متوقع
لاہور ( سید شعیب الدین سے ) پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کے پنجاب کے دورے کے طے شدہ پروگرام کو تبدیل کرکے بیرون ملک جانے کے بعد آنے والے دنوں میں مزید سیاسی گرما گرمی کے امکانات پید ا ہو گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور پارٹی کی سرگرمیوں میں کم سے کم دکھائی دیں گے جبکہ بلاول بھٹو زرداری کو پارٹی ری آرگنائز کرنے کیلئے فری ہینڈ دینے کے بارے میں دبئی میں اہم فیصلے ہو سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دبئی اجلاس میں بلاول نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر متعدد سوالات اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے سندھ میں پارٹی کی بدنامی، پارٹی کے کمزور ہونے کی وجہ اپنی پھوپھی کو قرار دیتے ہوئے ان کی سیاست پر اعتراض کیا ہے۔ جس پر فریال تالپور کو مستقبل میں سیاسی معاملات میں پیچھے رکھنے کے معاملات کو دوبئی میں حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی سابق سپیکر فہمیدہ مرز اسے بے نظیر بھٹو کی بہن صنم بھٹو کے ذریعے معاملات کو طے کیا جارہا ہے۔ جس کے بعد ذوالفقار مرزا اپنی سیاسی سرگرمیاں محدود کر دیں گے تاہم فہمیدہ مرزا پارٹی کے اندر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں گی ۔ عید کے بعد سندھ حکومت میں بھی چند تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ جس میں امکان ہے کہ وزیر اعلی سندھ کو تبدیل کرکے پارٹی کے کسی متحرک سینئیر راہنما جس کا پبلک امیج بہتر ہو گا کو وزیر اعلی سندھ کے طور پر سامنے لایا جاسکتا ہے۔ تاہم خورشید شاہ کو ابھی اپوزیشن لیڈر کے طور پر ہی کام کرنے دیا جائے گا۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع نے بتایا ہے کہ نئے وزیر اعلی کے نام کے لئے بلاول بھٹو ، آصف زرداری فیصلہ کریں گے۔البتہ اس بار فریال تالپور کی رائے کو کم اہمیت دی جائے گی ۔کابینہ میں متعارف کروائے جائیں گے اور پیپلز پارٹی اگلے ایک سال میں گڈ گورننس پر زیادہ فوکس کرے گی۔ پارٹی کو پہلے سندھ اور پھر پنجاب میں متحرک کرنے کا پروگرام شروع کیا جائے گا۔اس دوران بلاول پنجاب کے مختلف اضلاع کے دورے کرکے وہاں پر پارٹی کے ورکرز کے ساتھ مل کران کی شکایات سنیں گے اور اس کے بعد پنجاب میں قیادت کی تبدیلی کو فیز ٹو میں رکھا جائے گا۔قوی امکان ہے کہ بلاول زرداری آئندہ چند دنوں میں پاکستان واپس آجائیں گے لیکن آصف زرداری امریکہ چلے جائیں گے،جہاں وہ بعض حکومتی اور سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے حکام سے ملکی صورتحال پر بات چیت کریں گے۔ تاہم اس دورے کا تاثر یہ دیا جائے گا کہ وہ چھٹیاں گزارنے کے لئے امریکہ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلاول زرداری کے اپنے والد کے ساتھ امریکہ جانے کا امکان بھی ہے۔ وہ اکیلے پاکستان واپس آکر اپنے پروگرام پر کام شروع کر دیں گے۔