شہباز شریف نے عزم اور محنت سے کم مدت میں صحت عامہ کے اہم اہداف حاصل کر لئے ڈیفڈ پاکستان کے سربراہ کا خراج تحسین
لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ سے متعلق اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور تمام شرکاء نے اچھی کارکردگی دکھانے پر ای ڈی اوز ہیلتھ راجن پور، چنیوٹ، جہلم اور ننکانہ صاحب کی بھرپور ستائش کی اور تالیاں بجا کر ان کی کارکردگی کو سراہا۔ اجلاس کے دوران ڈیفڈ پاکستان کے سربراہ رچرڈ منٹگمری نے شہباز شریف کے عزم، محنت اور جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے انتہائی کم مدت میں اہم اہداف حاصل کئے ہیں جو بہت بڑی کامیابی ہے جس پر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ ڈیفڈ پاکستان کے سربراہ نے ڈیفڈ کے خصوصی نمائندے سر مائیکل باربر کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا جس میںانہوں نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں صوبہ پنجاب میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے مؤثر اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔