لاہور (خصوصی نامہ نگار) دینی سکالرز اور مذہبی، سیاسی قائدین نے مصر کے صدارتی انتخاب میں اخوان المسلمون کے محمد مرسی کی جیت کو خطہ خصوصاً مصر میں اسلامی انقلاب کی طرف ایک اور قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے اخوان المسلمون کی 84 سالہ جدوجہد رنگ لے آئی ہے، محمد مرسی کا صدر منتخب ہونا مصر کے عوام کی عظیم فتح اور طاغوتی قوتوں کی شکست ہے، انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان میں بھی اسلامی قوتیں برسر اقتدار آئیں گی۔ مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا امجد خان نے کہا کہ عوام نے تحریک اسلامی کے حق میں ووٹ دے کر ثابت کیا ہے کہ ظلم، کرپشن اور بدحالی سے نجات کے لئے یہی قیادت امت کی امیدوں کا مرکز ہے۔ ڈاکٹر امجد چشتی نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان اسلام کی طرف لوٹ رہے ہیں، پاکستان میں بھی ایسے ہی پرامن اور مثبت انقلاب کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر اور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کہا کہ دنیا میں اللہ کا دین اور اس کے نام لیوا ہی کامیاب ہوں گے۔ قیصر شریف نے کہا کہ مصر میں اخوان المسلمون کی فتح میں یوتھ کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی انقلاب کے دہانے پر کھڑا ہے۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024