زرداری ٹولے کو لوٹ مار کی پڑی ہے‘ مفاہمت کے دسترخوان پر مافیا اکٹھا ہو گیا: ممتاز بھٹو
لاہور (انٹرویو: فرخ سعید خواجہ) سابق گورنر و وزیراعلیٰ سندھ اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماءنواب ممتاز بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان بچانے کیلئے کنفیڈریشن قائم کرنی چاہئے۔ کنفیڈریشن پاکستان کے نظرئیے کے مطابق ہے جو کہ قرارداد پاکستان میں درج ہے۔ زرداری کو آئین اور قانون کی کوئی پروا نہیں، اسے اپنی چمڑی بچانے کی پڑی ہے۔ توانائی کے بحران پر قابو پانا زرداری ٹولے کے بس میں نہیں، انہیں لوٹ مار کی پڑی ہے۔ مفاہمت کے دسترخوان پر مافیا اکٹھا ہے، پیپلز پارٹی نے مگرمچھ کے آنسو بہا کر ”بھٹو“ کے نام پر ووٹ لئے اور سب سے بڑی غداری بھٹو کے نام کے ساتھ کی۔ سندھ میں مسلم لیگ (ن) ہی پیپلز پارٹی کی متبادل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نوائے وقت کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں کیا۔ ممتاز بھٹو نے مزید کہا کہ لوگ پیپلز پارٹی سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔ زرداری کو اسکا اندازہ ہے اس لئے ووٹ خریدنے کیلئے بجٹ میں اس نے رقم رکھی ہے مگر وہ یہ حقیقت بھول بیٹھے ہیں کہ ایک آدمی ایک ووٹ کے نظام میں ووٹ خرید کر حکومت نہیں بنائی جاسکتی۔ کراچی کی ٹارگٹ کلنگ کا ذمہ دار بھان متی کا کنبہ ہے۔ پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، عوامی نیشنل پارٹی مفاہمت کے دسترخوان پر بیٹھی قوم کا مال نوچ نوچ کر کھا رہی ہیں۔ کریمنل مافیا بھی ان تینوں جماعتوں میں شامل ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت کے ذریعے حل ہوسکتا ہے۔ کشمیر میں آزادی کیلئے سرگرداں لوگوں کا مطالبہ حق خودارادیت ہے اور کشمیریوں کی خواہش کے مطابق یہ مطالبہ تسلیم کرکے مسئلہ کشمیر حل کرنا چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپرپاور کا بحری بیڑہ پاکستان کی حدود میں آگیا ہے تو الطاف حسین انگریزوں سے کہیں کہ اپنے بھائی امریکیوں کو ٹوکیں۔ الطاف حسین برطانیہ سے متحدہ قومی موومنٹ کو چلا رہے ہیں۔ اگر دہری شہریت والے کو اسمبلی کا ممبر بننے کا حق نہیں تو پھر دہری شہریت رکھنے والے الطاف حسین کے پارٹی کا سربراہ ہونے کا بھی سپریم کورٹ کو نوٹس لینا چاہئے۔