تمام مسائل کے ذمہ دار زرداری ہیں‘ نئے وزیراعظم بجلی کے معاملے پر کچھ نہیں کر سکتے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ تمام مسائل کے ذمہ دار مسٹر زرداری ہیں، نئے وزیراعظم بجلی کے معاملے پر کچھ نہیں کر سکتے، لوڈشیڈنگ کے حوالے سے پنجاب کے ساتھ غیرمنصفانہ سلوک بند ہونا چاہئے، ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے چوکس رہےں، پنجاب یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کر رہے ہیں، پنجاب حکومت غریبوں کی فلاح و بہبود کے انقلابی پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اقبال پارک کے شکایات سیل میں سائلین کی شکایات سننے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہاکہ توانائی کے بحران نے پوری قوم کو کربناک عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے، گھنٹوں بجلی کی بندش سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، بجلی کی قلت عوام پر بجلی بن کر گر رہی ہے، معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، سخت گرمی میں نہ جانے کس بنا پر پنجاب اور اس کے عوام کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، صوبائی وزرائ، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور سرکاری افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے شدید گرمی میں ڈیڑھ گھنٹے تک لوگوں کی شکایات سنیں اور ان کی درخواستوں پر احکامات جاری کئے۔ سرکاری ملازمتوںاور مالی امداد کے خواہش مند افرادنے بھی وزیراعلی سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کس قدر زیادتی کی بات ہے کہ پاکستان کے دیگر صوبوں میں تو ملیں ہفتے میں 6 دن چلتی رہیں لیکن پنجاب میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث کارخانے صرف 3 یا 4 دن چلیں۔ ایک معذور طالبہ نے وزیراعلیٰ سے اپنے علاج اور لیپ ٹاپ کی درخواست کی جس پر وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ اس طالبہ کا علاج مفت کرایا جائے اور اسے لیپ ٹاپ بھی فراہم کیا جائے۔ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے چوکس رہیں اور اپنے انتظامات مکمل رکھیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حفاظتی انتظامات کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے 3کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایات کرتے ہوئے کہاکہ یہ کمیٹیاں صوبے بھر میں پشتوں اور بندوں کا معائنہ کریں۔ اجلاس میں سردار ذوالفقار کھوسہ، صوبائی وزرائ، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، انسپکٹر جنرل پولیس، مختلف محکموں کے سیکرٹریز، ترقیاتی اداروں کے سربراہان، ڈویژنل کمشنرز اور محکمہ موسمیات کے افسران نے شرکت کی۔ کچی آبادیوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ گذشتہ 64سالوں میں اشرافیہ کو سہولیات کی فراہمی پر سرکاری وسائل خرچ ہوتے رہے لیکن غریبوں، محنت کشوں، کسانوں اور محروم معیشت طبقات کو نظرانداز کیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ آج بھی زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ دیہی علاقوں میں بے گھر افراد کو گھروں کی تعمیر کے لئے 5مرلہ پلاٹوں کی مفت تقسیم کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ کچی آبادیوں کے مکینوں کو بھی جلد مالکانہ حقوق دینے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ دریں اثناءیوتھ فیسٹیول کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کے لئے یوتھ پالیسی کا اعلان کرکے انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے پلیٹ فارم مہیا کر دیا ہے۔ یوتھ فیسٹیول ایونٹ کی سرگرمیاں یونین کونسل، تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر ہوں گی۔ رانا مشہود، معروف کھلاڑی منظور جونیئر، شہناز شیخ، محمد ثقلین، کرن خان اور منظور احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثناءنوجوانوں کے ایک وفد نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔