صدر کے خلاف توہین عدالت کیس: لاہور ہائیکورٹ کا 3 رکنی فل بنچ تشکیل دیدیا گیا‘ کل سے سماعت ہو گی
لاہور + اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + این این آئی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے عدالتی حکم کے باوجود دو عہدے رکھنے پر صدر زرداری کے خلاف دائر توہین عدالت کیس کی سماعت کے لئے تین رکنی فل بنچ تشکیل دے دیا ہے جو 27 جون سے کیس کی سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں قائم فل بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سید منصور علی شاہ شامل ہوں گے۔ درخواست گزار محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے صدر زرداری نے دو عہدے کیس کے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں کیا نہ تو انہوں نے سیاسی عہدہ چھوڑا اور نہ ہی ایوان صدر میں سیاسی سرگرمیاں ترک کیں۔ صدر زرداری ایوان صدر میں سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حالانکہ آئین کے مطابق صدر پاکستان دو عہدے نہیں رکھ سکتے اور نہ ہی کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ لے سکتے ہیں جبکہ اس سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فل بنچ فیصلہ سنا چکا مگر فیصلوں پر عمل نہیں کیا جا رہا، لہذا عدالت صدر پاکستان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔