پارلیمنٹ کی خواہشات کے پیش نظر امریکہ سلالہ حملے پر غیر مشروط معافی مانگے،بلوچستان کا مسئلہ حل کرنے کے لئے بلوچ قیادت سے بات چیت پر تیار ہیں۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف
نئی کابینہ کےپہلے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا ہے. بھارت کےساتھ تمام متنازعہ اموربات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں. راجہ پرویز اشرف نے اپنے پیش رو یوسف رضا گیلانی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے آئین کے تحفظ کی خاطر اصولی مؤقف اپنایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ قوم کی خدمت کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں۔ اتحادی حکومت توانائی بحران کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ زرعی شعبہ کی ترقی میں بجلی کا مسئلہ آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ انہوں نے پی آئی اے، واپڈا، سٹیل ملز اور ریلویز جیسے اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اداروں کی آپریشنل بہتری پر توجہ دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اندرون اور بیرون ملک بلوچ قیادت کو مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دی جا رہی ہے اور حکومت مسئلے کے قابل قبول حل کے لیئے تیار ہے۔