پنڈی بھٹیاں:دلا بھٹی چوک تا حسن پورہ روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی)دلا بھٹی چوک سے حسن پورہ جانے والی سڑک جا بجا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ۔بارش کے دنوں میں یہ سڑک نشیبی علاقے محلہ حسن پورہ میں رہائشیوں کے لئے وبال جان بن جاتی ہے اس سڑک پر سے روزانہ سینکڑوں افراد کی آمدو رفت رہتی ہے جبکہ سڑک کے درمیان میں ڈسٹرکٹ پبلک سکول کی عمارت ہے جہاں پر آنے والے طلباء کی وردیاں پانی کے چھینٹوں کی وجہ سے ہر روز خراب ہو تی ہیں وہ پانی سے گزر کر سکول میں داخل ہوتے ہیں ۔محلہ حسن پورہ کے مکینوں نے محکمہ روڈز او ر ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکی اہمیت کے پیش نظر فی الفور تعمیر کرنے کے احکامات دیئے جائیں ۔علاوہ ازیں نالوں کی صفائی نہ ہونے سے شہر کی مختلف سڑکیں جوہڑ کا منظر پیش کر نے لگیں اور گندا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے جس سے نہ صرف سڑکیں تباہ ہو رہی ہیں شہریوں کو بھی آمدورفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکر افسران کی ملی بھگت سے گھروں میں بیٹھ کر تنخواھیں وصول کر رہے ہیں جس سے شہر میں صفائی کا نظام نہ ھونے کے برابر ہے۔ لاہور روڈ پر دلیکی کے قریب نالے کا گندا پانی سڑک پر بہہ رھا ہے جبکہ حافظ آباد روڈ پر نلکہ اسٹاپ اور بیرانوالہ روڈ پر حسن پورہ میں گندا پانی سڑکوں پر جمع ہے جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔شہری حلقوں نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر سے شہر میں صفائی کی صورتحال پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا ۔