گوجرانوالہ میں ضمنی الیکشن کا معرکہ ن لیگ نے مار لیا

26 جولائی 2015 (21:54)

گوجوانوالہ میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی سو کامونکی میں ضمنی الیکشن کے تمام ایک سو تیرہ حلقوں کے غیر سرکاری نتائج آ گئے - مسلم لیگ ن کی نشست انہی کے پاس رہی ، مسلم لیگ ن کے رانا اختر علی انچاس ہزار تین سو اکانوے ووٹ لے کر پہلے نمبر پر آئے ، جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار احسان اللہ ورک اٹھائیس ہزار ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے -
ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوا جو بلا تعطل شام پانچ بجے تک جاری رہا، پولنگ کے آغاز پر بارش کی وجہ سے شہریوں کی بہت کم تعداد اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے نکلی تاہم بارش رکتے ہی پولنگ کے عمل میں تیزی آئی -
الیکشن کمیشن نےحلقےمیں ایک سو تیرہ پولنگ سٹیشن بنائے، جن میں اڑتیس مردانہ ، چھتیس زنانہ اور انتالیس مشترکہ پولنگ سٹیشن شامل تھے، تین سو چوالیس پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے ، جن میں سے ایک سو چھیانوے مردانہ اور ایک سو اڑتالیس زنانہ تھے-
ادھر جیت کی خوشی میں لیگی کارکنوں نے خوب جشن منایا، اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں بھی تقسیم کیں کارکن ریلیوں کی صورت میں نکلے اور شہر کے چکر لگائے ،اس موقع پر مسلم لیگ ن اور نواز شریف کے حق میں شدید نعرے بازی بھی کی گئی -
دو ہزار تیرہ ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری شمشاد احمد خان نے چوون ہزار ایک سو اٹھارہ ووٹ حاصل کئے تھے ، یہ نشست ان کے قتل پر خالی ہوئی تھی-