پانچویں ایک روز میچ میں سری لنکا کے 369 کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری

26 جولائی 2015 (19:12)

ہمبن ٹوٹا کے مہندرا راجا پاکسے سٹیڈیم میں کھیلے جارہے پانچویں ایک روزہ میچ کا ٹاس سری لنکن کپتان نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو سود مند ثابت ہوا۔ آئی لینڈر اوپنرز نے پاکستانی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی، کوشال پریرا اور دلشان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ٹیم کو ایک سو چونسٹھ رنز کا مضبوط ترین آغاز فراہم کیا۔
دلشان باسٹھ رنز پر رن آؤٹ ہو گئے،اس دوران کوشال پریرا نے اپنی سنچری مکمل کی اور ایک سو سولہ رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد وہ بھی رن آؤٹ ہو گئے، ان کی اننگز میں چار چھکے اور نو چوکے بھی شامل تھے۔
تھریمانے نے تیس اور چندی مل نے انتیس رنز بنائے، کپتان اینجلو میتھیوز اور سری وردانا نے آخری دس اوورز میں پاکستانی باؤلرز کا بھرکس نکال دیا، اینجلو میتھیوز نے چالیس گیندوں پر دو چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے ستر رنز بنائے، جبکہ سری وردانا چھبیس گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے باون رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح سری لنکا نے پاکستان کے سامنے مقررہ پچاس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر تین سو ارسٹھ رنز کا ہمالیہ کھڑا کردیا۔ پاکستان کی جانب سے صرف راحت علی دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے۔