آئی پی ایل کرپشن سکینڈل: سری سانتھ ‘چنڈیلا‘انکیت الزامات سے بری
دہلی (سپورٹس ڈیسک) دہلی کی پٹیالہ ہاوس عدالت نے انڈین پریمیئر لیگ کرپشن سکینڈل میں کرکٹرز سری سانتھ، انکیت چون اور اجیت چنڈیلا کو بری کرنے کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ تینوں کھلاڑیوں کے خلاف سپاٹ فکسنگ کے ثبوت نہیں ملے۔مئی دو ہزار تیرہ میں دہلی پولیس نے آئی پی ایل فرنچائز راجستھان رائلز کے کھلاڑیوں شانتھا کمارن، سری سانتھ ، انکیت چون اور اجیت چنڈیلا کو سات بکیوں سمیت گرفتار کیا تھا۔تینوں کھلاڑیوں پر سپاٹ فکسنگ اور کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا الزام تھا تاہم دہلی پولیس عدالت میں ان الزامات کے ثبوت پیش نہ کر سکی۔ رہائی پانے والے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ وہ عدالت کے فیصلے سے بہت خوش ہیں اور امید کرتے ہیں کہ دوبارہ انڈین پریمئیر لیگ میں اپنی فرنچائز کی نمائندگی کریں گے۔