مشرف ، پرویز الٰہی نے ڈیم نہیں بننے دیئے، دھرنے میں وقت ضائع کرنیوالے ملک کا سوچیں: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنرل پرویز مشرف اور پرویز الٰہی نے اپنے دور میں ڈیموں پر کام نہیں ہونے دیا تاہم وزیراعظم محمد نوازشریف نے اقتدارمیںآتے ہی دیا میر بھاشا اور داسو ڈیموں کے منصوبوں پر کام کا آغاز کیا اور دونوں ڈیموں کی تعمیر کیلئے اربوں روپے مختص کئے اور ان دو بڑے ڈیموں کے منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ مختلف مقامات کے دورے کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومیں سیاسی بیانات سے نہیں، عمل سے ترقی کرتی ہیں۔ متاثرین سیلاب بخوبی جانتے ہیں کہ 2010ئ، 2014ء اور اب 2015ء میں کون انکے ساتھ کھڑا ہے اور کون عوام کی مصیبت پر سیاست کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جنوبی پنجاب کے ضلع لیہ اوردیگر مقامات کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنا تھا تاہم خراب موسم کے باعث انکا ہیلی کاپٹر لیہ نہ اتر سکا اور پروگرام میں تبدیلی کی گئی۔ ملتان واپس جاتے ہوئے وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر نے بستی ونڈاں موہلن میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف کو دیکھ کر عوام بڑی تعداد میں اکٹھے ہوگئے اور انہوں نے مسرت کا اظہار کیا اور ’’شہباز شریف زندہ باد اور شیر آیا ‘‘ کے نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ نے مختلف بستیوں کا دورہ بھی کیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ ملتان پہنچے اور انہوں نے میٹروبس پراجیکٹ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جوڈیشل کمشن کے فیصلے کا ایک ہی سبق ہے کہ جھوٹ، غلط بیانی اور الزام تراشی کی سیاست ختم کرکے ہم سب متحدہو کر ملک و قوم کی تعمیر کریں اور جن لوگوں نے دھرنے کی آڑ میں قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا انہیں اب ملک کیلئے سوچنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ دھر نے عوامی منصوبوں میں رکاوٹ کا باعث بنے اورمعیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا۔ جوڈیشل کمشن نے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات کے حوالے سے تاریخی فیصلہ دیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی میں خود نگرانی کر رہا ہوں۔ پاک افواج، ضلعی انتظامیہ اور پولیس سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے مصروفِ عمل ہیں۔ میرا جینا مرنا میرے عوام کے ساتھ ہے۔ بلاشبہ ملتان میٹرو بس کا منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے۔عوام بخوبی جانتے ہیں کہ دور آمریت میں پنجاب کے حکمرانوں کے منصوبوں کی تعمیر کا معیار کیا تھا اور مسلم لیگ (ن) کے دور میں عوامی منصوبوں کی تعمیر کا معیار کیا ہے، ہمارے دورکے تعمیراتی منصوبے اعلی معیار کا شاہکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازیخان کے علاقے جھکڑ امام شاہ کے بند میں پڑنے والے شگاف کو جلد سے جلد پُر کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لیہ کی بستی بصیرہ میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ریلیف کیمپ میں متاثرین سیلاب کو کھانے پینے کی اشیائ، منرل واٹر اور دیگر ضروری سہولتیں فی الفور فراہم کی جائیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے لاہور پریس کلب کے سینئر کونسل ممبر عمران احمد شیخ کے والد شیخ نوازش علی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ نے جوڈیشل کمشن کی رپورٹ پر پارلیمانی کمشن کے قیام کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنے کے پیچھے کون تھا، فنڈنگ کس نے کی؟ اسکی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی جائے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھرنے سے ملک کو بہت زیادہ نقصان پہنچا۔ پاکستان کے خلاف ایک بہت بڑی سازش تھی۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمشن کی رپورٹ کے بعد پارلیمانی کمشن بنایا جائے جس میں تمام پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں کے سربراہان کو شامل ہوں اور پارلیمانی کمشن تحقیقات کرے کہ دھرنا کس کی ایما پر ہوا اور اس دھرنے کی فنڈنگ کس نے کی تھی اور اس کے پیچھے کون کون تھا۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمانی کمشن کی رپورٹ کے بعد جو عناصر ملوث ہوں انہیں سزا ہونی چاہئے۔