بلوچستان: 3 افراد کی گولیاں لگی نعشیں برآمد ، نوشہرہ میں ایف سی اہلکار جاں بحق

26 جولائی 2015

کوئٹہ+ نوشہرہ (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے پسماندہ ضلع کیچ میں گزشتہ روز 3 افراد کی تشدد زدہ نعشیں برآمد ہوئیں۔ مقامی انتظامیہ کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا نعشیں دوردراز علاقے دشت کھڈان سے ملیں۔ لیویز فورس کے اہلکاروں نے شناخت کیلئے مقامی ہسپتال پہنچایا۔ تینوں افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کرنے کے بعد نعشیں اس علاقے میں پھینکی گئیں۔ تینوں مقتولین کی شناخت ہو گئی جو مقامی رہائشی ہیں اور ایک ہفتے سے لاپتہ تھے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان تینوں افراد کی ہلاکت کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔ دوسری طرف نوشہرہ کے علاقے جہانگیرہ چوک میں ایف سی اہلکار جرائم پیشہ عناصر کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ایف سی اہلکاروں نے جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا۔ کارروائی میں ایک ملزم گرفتار جبکہ دوسرا زخمی حالت میں فرار ہو گیا۔