میٹرک رزلٹ: لاہور میں کامیابی کا تناسب 70.8 ، گوجرانوالہ 71.7 فیصد رہا

26 جولائی 2015
میٹرک رزلٹ: لاہور میں کامیابی کا تناسب 70.8 ، گوجرانوالہ 71.7 فیصد رہا

لاہور/ گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر + نمائندہ خصوصی) پنجاب بھر کے 9 تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے سالانہ امتحانی نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق لاہور بورڈ کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحان میں 192846 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 135336 امیدواران کامیاب ہوئے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 70.18 فیصد رہا۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلباء و طالبات کے اعزاز میں الحمرا ہال نمبر 2 میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء و طالبات اور اساتذ ہ کو نقد انعامات اور میڈلز کے ساتھ نوازا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی بلال یٰسین نے کیش پرائز، گولڈ میڈل اور لیپ ٹاپ سے نوازا۔ تقریب میں وحید عالم اور میاں مرغوب ایم این اے کے علاوہ ظہور احمد اور رانا ارشد ایم پی اے نے شرکت کی۔ بورڈ کی طرف سے امیدوارن کو پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن کیلئے بالترتیب تعریفی اسناد کے ساتھ مبلغ 20,000 ، 15,000 اور 10,000 روپے کیشن پرائز کے ساتھ بالترتیب گولڈ ، سلور اور برانز میڈلز بھی تقسیم کئے گئے جبکہ اُنکے اساتذہ کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔ تقریب کے آغاز پر ڈاکٹر محمد نصراللہ ورک چیئرمین لاہور بورڈ نے خطبہ استقبالیہ میں کہا پچھلے چار سال سے بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار آر، ایل فری نتائج کا اعلان مقررہ تاریخ پر کیا جا رہا ہے جس کو تعلیمی میدان میں خوب سراہا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے کہا تعلیمی نتائج حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کا واضح ثبوت ہیں، حکومت بجٹ کا 27 فیصد فروغ تعلیم پر خرچ کر رہی ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ اور کنٹرولر امتحانات بھی موجود تھے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق میٹرک 2015ء میں کامیابی کا تناسب بورڈ کی 32 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ 71.74 فیصد رہا۔ امتحان میں 178949 طلبہ نے حصہ لیا جن میں سے 128377 پاس اور 50572 فیل ہوئے، سائنس گروپ میں پہلی 10 پوزیشنوں میں سے 6 نجی سکولوں اور چار سرکاری سکولوں کے ہاتھ لگیں۔ آرٹس گروپ کی 10میں سے چار سرکوری سکولوں کے طلبہ کامیاب ہو ئے اور 6 پرائیویٹ امیدواروں نے حاصل کیں جبکہ سائنس گروپ میں گورنمنٹ کمپری ہنسیو سکول کے طالبعلم سید حمائل زیدی نے ڈویژن بھر کے سرکاری سکولوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر تقریب سے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مجتبی شجاع الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات ملک و معاشرہ کا قیمتی مستقبل ہیں‘ انہوں نے ہی ملک کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہے‘ شہباز شریف کی شعبہ تعلیم کیلئے خدمات مثالی ہیں، انکی علم دوستی کی بدولت پنجاب کے دوسرے صوبوں کے مقابلے میں پنجاب بورڈ سب سے آگے اور اسکی کارکردگی قابل تقلید ہے، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ‘ اسسٹنٹ کمشنر سٹی عتیق الرحمن‘ ممبران صوبائی اسمبلی عبدالرئوف مغل‘ توفیق بٹ‘ رفاقت گجر‘ چیئرمین بورڈ، کنٹرولر امتحانات، سیکرٹری بورڈ کے علاوہ مختلف سکولوں کے پرنسپلز‘ اساتذہ کرام‘ والدین وار طلباء وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم کو وزیراعلی کی طرف سے تین لاکھ‘دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو دو لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے 46 ارب ڈالر کی انوسٹمنٹ کررہی ہے جس سے 10 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبوں پر کام شروع کردیا گیا ہے اور 2018ء میں ملک بھر سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائیگا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد بورڈ کے میٹرک امتحانات میں کل ایک لاکھ 32 ہزار 639 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 93 ہزار 868 طلبا و طالبات پاس اور 38 ہزار 771 طلبا و طالبات فیل ہوگئے۔ کامیابی کا مجموعی تناسب 70.77 فیصد رہا۔ بورڈ آفس فیصل آباد کے آڈیٹوریم میں منعقد ہونیوالی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں تھے جو مصروفیت کی بناء پر شرکت نہ کرسکے جبکہ ممبران صوبائی اسمبلی اعجاز احمد، الیاس انصاری، فقیر حسین ڈوگر، میاں محمد رفیق، چیئرمین تعلیمی بورڈ ، ڈائریکٹر کالجز سمیت عمائدین شہر اور طلبا و طالبات اپنے والدین کے ہمراہ شریک تھے۔ نامہ نگار کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ بہاولپور میں میٹرک کے سالانہ امتحان میں کامیابی کا تناسب 73.41 رہا۔ صوبائی وزیر امداد باہمی ملک اقبال چنڑ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ نامہ نگار کے مطابق ساہیوال بورڈ میں مجموعی طور پر 73.56 فیصد رزلٹ رہا جبکہ پرائیویٹ 51.54 فیصد ریگولر میں 81.24 فیصد امیدواروں نے نمبر حاصل کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران نے کہا کوئی ملک تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ نامہ نگار کے مطابق سرگودھا بورڈ میں میٹرک کے سالانہ امتحانات میں کامیابی کا تناسب 72.77 فیصد رہا۔ پوزیشن ہولڈرز میں تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر جنگلات و ماہی پروری ملک آصف بھاء نے کہا وزیراعلیٰ شہبازشریف صوبہ بھر میں تعلیمی ترقی کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اے پی پی کے مطابق انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیمی بورڈ راولپنڈ ی کے سالانہ میٹرک میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 19 ہزار 889 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 84 ہزار 321 نے کامیابی حاصل کی اور کامیابی کا تناسب 70.35 رہا۔