یمن : بمباری‘ خواتین بچوں سمیت 80 جاں بحق‘ اتحادیوں نے پانچ روزہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا

26 جولائی 2015

صنعا (آن لائن + اے ایف پی+نوائے وقت رپورٹ) یمن میں سعودی اور اتحادی طیاروں کے فضائی حملوں میں بچوں اور خواتین سمیت 80 افراد ہلاک، 150 زخمی ہو گئے۔ ملکی میڈیا کے مطابق اتحادی طیاروں نے قاہرہ کے علاقے موخا کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا جہاں زیادہ تر انجینئر پاور سٹیشن کے ملازمین اور کچھ نقل مکانی کرنے والے افراد رہتے ہیں۔ تغر میں بھی حملے کئے گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ جن میں سے اکثر کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ادھر باغیوں نے عدن کے ہوائی اڈے پر حملہ کیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ بمباری سے بیسیوں گھر تباہ ہوئے ہیں صبا پریس ایجنسی کے مطابق حوثی باغیوں نے دارالحکومت کے مرکزی حصے سمیت زیادہ تر حصے پر کنٹرول کر لیا۔ سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد نے متاثرین تک امداد کی رسائی کیلئے یمن میں یکطرفہ 5 روزہ جنگ بندی کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان یمن کے متعدد علاقوں میں فضائی حملوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس پر اتوار کی نصف شب سے عملدرآمد شروع ہوگا۔ تاہم باغیوں کی جانب سے حملے یا کارروائی کا جواب دیا جائیگا۔