میٹرک، گوجرانوالہ میں سیکنڈ آنیوالا پھل فروش، ملتان کا پوزیشن ہولڈر ریڑھی لگاتا ہے

26 جولائی 2015
میٹرک، گوجرانوالہ میں سیکنڈ آنیوالا پھل فروش، ملتان کا پوزیشن ہولڈر ریڑھی لگاتا ہے

گوجرانوالہ+ ملتان +اسلام آباد(نمائندہ خصوصی + آئی این پی) گوجرانوالہ بورڈ کے میٹرک امتحانات آرٹس گروپ میں 1003 نمبر لیکر دوسری پوزیشن حاصل کرنیوالا فروٹ فروش طالبعلم پوزیشن کے تصور سے ہی ناآشنا ہے۔ اڑھائی مرلہ کے کچے مکان میں رہائش پذیر علی حمزہ کو انعامات سے زیادہ اپنے بوڑھے والدین کے علاج کی فکر ہے۔ طالبعلم کی درخواست پر صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع نے حکومت کی طرف سے امداد کی یقین دہانی کرادی ہے۔ علی حمزہ نے نوائے وقت کو بتایا اس نے معاشی مجبوریوں کو اپنی پڑھائی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔ آئی این پی کے مطابق ملتان بورڈ کے امتحانات میں آرٹس گروپ میں پہلی پوزیشن لینے والا طالب علم غلام محی الدین دال چاول کی ریڑھی لگاتا ہے۔وہ مذہبی سکالر بننا چاہتا ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق میٹرک میں پوزیشن ہولڈر طلبہ کی اکثریت مستقبل میں ڈاکٹر بن کر ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتی ہے۔ طلبہ نے نوازشریف کو پسندیدہ سیاستدان قرار دیا تاہم جوڈیشل کمشن کے حوالے سے طلبہ سوال کا جواب دینے سے کتراتے رہے، ٹاپ کرنے والے حافظ خضر مبین نے بتایا وہ روزانہ چار گھنٹے پڑھتا تھا، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے حماد اعجاز اور ردا شوکت ڈاکٹر تیسری پو زیشن حاصل کرنے والے عمائد مرتضیٰ مکینیکل انجینئر بننا چاہتے ہیں۔ اسلام آباد سے محمد ریاض اختر/ عزیز علوی کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی بورڈ میں میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز طلباء نے الزام تراشی‘ محاذ آرائی اور سیلاب و توانائی بحرانوں کو نظرانداز کرکے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی سیاست سے بیزاری کا اظہار کیا ہے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی عائشہ فواد نے بتایا وہ سی ایس ایس کرکے پاکستان کی خدمت کرنے کی خواہش مند ہیں۔ جنرل گروپ گرلز میں ٹاپ پوزیشن کرنے والی عرشیہ احسان نے بتایا وہ روزانہ تین گھنٹے سٹڈی میں مصروف رہتیں۔ عرشیہ کے والد احسان الہیٰ نوائے وقت اسلام آباد کے سینئر سب ایڈیٹر ہیں۔تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ماہ نور بلال سفارت کار بننے کا خواب دیکھ رہی ہیں۔ بہاولپور بورڈ میں اول آنے والی ہاجرہ خالد نے بتایا میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہوں میرے والد ریسٹورنٹ چلاتے ہیں زوہا تنویر نے بتایا میں نے نویں جماعت میں ٹیوشن پڑھی لیکن دسویں جماعت میں ٹیوشن نہیں پڑھی۔