کراچی: نجی ٹی وی کے بیورو چیف فہیم صدیقی پر سادہ پوش اور باوردی پولیس اہلکاروں کا اغوا کے بعد مبینہ تشدد

26 جولائی 2015

کراچی (این این آئی) نجی ٹی چینل کے بیورو چیف فہیم صدیقی کو گھر سے دفتر آتے ہوئے سادہ لباس اور وردی میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش کی اور شناخت کرانے کے باوجود تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس ضمن میں فہیم صدیقی نے بتایا کہ اہلکاروں نے مجھے میری ہی گاڑی میں بیٹھا کر میرے منہ پر کپڑا ڈال دیا، اس دوران وہ مجھے گالیاں دیتے اور تشدد کرتے رہے۔ فہیم صدیقی کے مطابق پولیس اہلکار منگھو پیر میں حب ڈیم کے قریب مجھے چھوڑ کر فرار ہوگئے اور جاتے ہوئے میرا موبائل فون، لائسنس یافتہ پستول اور دیگر کاغذات ساتھ لے گئے۔ ادھر آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہا ہے کہ فہیم صدیقی کے اغوا اور تشدد کے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ اس میں کون سے پولیس اہلکار ملوث ہیں اور وہ کیا چاہتے تھے۔