’’حکومت کو کلین چٹ مل گئی‘‘ عمران کا جوڈیشل کمشن بنوانے کا فیصلہ درست نہیں تھا: طاہر القادری

26 جولائی 2015
’’حکومت کو کلین چٹ مل گئی‘‘ عمران کا جوڈیشل کمشن بنوانے کا فیصلہ درست نہیں تھا: طاہر القادری

لاہور (سپیشل رپورٹر) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عمران کا جوڈیشل کمیشن بنوانے کا فیصلہ درست نہیں تھا۔ حکومت کو اس فیصلے سے جواز مل گیا میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ کمیشن حکومت کو کلین چٹ دیدے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی۔ مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے انہوں نے کہا عمران خان کو عوامی تحریک کے ایک وفد نے ملاقات کر کے کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تین دن کی اعلی سطح کی مشاورت کے بعد پارٹی کی بارہ رکنی مرکزی کور کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جبکہ مرکزی عہدیدار بدستور کام کرتے رہیں گے نتائج کچھ بھی ہوں عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے حق میں فیصلہ آئے تو رپورٹ فوری شائع ہو جاتی ہے مگر کوئی حکومت سے یہ بھی تو پوچھے کہ آخر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ شائع کیوں نہیں کی جا رہی۔ عوامی تحریک کے قائد نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ہر گھر میں ایک ملازمت دینے کا مطالبہ کیا جبکہ مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کی تجویز کو مسترد کر دیا۔