کراچی: 3 خواتین اور بچی قتل، مسخ نعشیں فلیٹ سے برآمد

26 جولائی 2015

کراچی(آن لائن) کراچی کے علاقے سچل میں ایک فلیٹ سے بچی اور تین خواتین کی لاشیں برآمد کر لی گئیں۔ جو 10دن پرانی اور مسخ شدہ ہیں۔ چاروں افراد کو شدید تشدد کے بعد قتل کیا گیا پولیس نے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ مقتولین آٹھ مہینے سے فلیٹ میں کرائے پر رہے تھے اور دشمنی کی وجہ سے یہاں منتقل ہوئے۔ پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی دریں اثناء اس واقعہ کی تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی، سی آئی اے کی سربراہی میں پولیس کی تحقیقاتی ٹیم قائم کر دی گئی۔ دوسری طرف مارٹن کوارٹر میں مرکز قومی بچت کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 60سالہ رئیس جعفری جاں بحق ہو گیا۔ جو کسی کی پیشی بھگتنے سنٹرل جیل جا رہا تھا ادھر رینجرز نے کورنگی سوکوارٹرز، خیبر چوک، بلدیہ ٹاؤن اور قصبہ کالونی میں چھاپے مار کر کالعدم تنظیموں کے 8دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ مکھن کے علاقے سے 2افراد کو گرفتار کر کے بھاری اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔