لندن: تحریک انصاف، متحدہ کے کارکنوں کے آمنے سامنے مظاہرے، ایک دوسرے پر ڈنڈوں سے حملہ

26 جولائی 2015

لندن (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے کارکنوں نے الطاف حسین کے خلاف لندن سیکرٹریٹ کے سامنے مظاہرہ کیا۔ ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے کارکنوں نے ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی کی اور سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ ایم کیو ایم کے کارکنوں نے پی ٹی آئی کے خلاف جوابی مظاہرہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے اپنی اپنی جماعتوں کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر بوتلوں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا جس سے دونوں جماعتوں میں کشیدگی پیدا ہو گئی۔ تصادم کو روکنے کیلئے سکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے الطاف اور عمران خان کیخلاف نعرے بازی کی۔ لندن پولیس نے کوشش کر کے مظاہرہ ختم کرایا۔ اپنے کارکنوں سے خطاب کرتے فیصل واؤڈا نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف 75کیسز لے کر میں خود لندن آیا ہوں۔ الطاف حسین پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ اور دیگر مقدمات میں مطلوب ہیں پاکستان کو دہشتگردوں سے آزاد کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج 10۔ ڈاؤلنگ سٹریٹ پر ایک بجے دن مظاہرہ کرینگے۔ ایم کیو ایم کی طرف سے مجھے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ الطاف حسین بندوق کی سیاست کرتے تھے، اب ناکام ہو گئے، بندوق کی سیاست ختم ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے 25سال کراچی میں بندوق سے راج کیا۔ ایم کیو ایم کا مائنڈ سیٹ آج بھی تبدیل نہیں ہوا۔ ہم وہ کریں گے جو کسی نہیں کیا۔