لاہور: سیشن عدالت میں پیشی پر آئے رشتہ دار آپس میں لڑ پڑے، ایکدوسرے پر تھپڑوں کی بارش، پولیس نے حراست میں لے لیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سیشن عدالت میں پیشی پر آئے رشتہ دار ایکدوسرے سے گتھم گتھا ہوگئے، عدالتی احاطے میں ایک دوسرے پر تھپڑوں اور گھونسوں کی بارش کردی۔ تفصیل کے مطابق سلمیٰ اور اسکے بھائی حنیف کے درمیان مقدمہ سیشن عدالت میں زیرسماعت ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظہر سلیم کی عدالت سے پیشی بھگت کر دونوں اور انکے حمائتی رشتہ دار جونہی کمرہ عدالت سے باہر نکلے تو ایک دوسرے پر پل پڑے اور ایک دوسرے پر تھپڑوں اور گھونسوں کی بارش کردی۔ تشدد کا نشانہ بننے والی سلمیٰ بی بی نے روتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اسے طلاق ہونے کے بعد اس کا بھائی ایک شخص سے شادی کیلئے ایک لاکھ روپے لے چکا ہے۔ حنیف نے کہا کہ اسکی بہن نے اپنے بیٹے کو خود ہی غائب کر رکھا ہے اس نے اپنے بھتیجے کی بازیابی کیلئے مقدمہ درج کرایا تو اس کیخلاف انتقامی کاروائی کی جا رہی ہے۔ وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے عدالتی احاطے میں ہنگامہ آرائی کرنے والے تمام رشتہ داروں کو حراست میں لے لیا۔