مجید نظامی نامساعد حالات میں بھی کلمہ حق بلند کرتے رہے: رانا ثناء اللہ
لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ مجید نظامی مرحوم نامساعد حالات میں بھی کلمہ حق بلند کرتے رہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مون لائٹ سکول نسبت روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن لاہور کے زیراہتمام مجید نظامی کی برسی کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجید نظامی نے ہمیشہ جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کیا انہوں نے اپنی زندگی میں درپیش آنے والے مقامات آہ و فغان کا بڑی دلیری حوصلے اور بہادری سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج صحافت کے میدان میں مجید نظامی جیسے رہنماؤں کی شدید قلت محسوس کی جا رہی ہے۔ مجید نظامی نے قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی سوچ کو صحیح معنوں میں عام کرنے زندگی بھر نہ صرف کوشش کی بلکہ اس میں بھرپور کامیاب بھی ہوئے‘ ادیب جاودانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجید نظامی صاحب اور سیاست کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ انہوں نے نوائے وقت کے ادارے کو دبستان اور یونیورسٹی بنا دیا۔