بلین ٹری منصوبہ سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی: سبطین خان

صوبائی وزیر جنگلات سردار محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ ٹین بلین ٹری منصوبہ ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس ضمن میں پنجاب بھر میں سونامی ٹری پلانٹیشن پروگرام کے تحت شجر کاری وسیع بنیادوں پر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹین بلین ٹری پروگرام کے تحت پنجاب میں 2023 تک 46 کروڑ درخت لگائے جائیں گے۔ صرف میانوالی میں 15 ہزار ایکڑ پر جنگلات لگائے جا رہے ہیں جبکہ دیگر اضلاع میں بھی بڑے پیمانے پر درختوں کی کاشت کی جارہی ہے۔ اس ضمن میں کسانوں، کاشتکاروں اور عام افراد میں محکمہ جنگلات کے عملے کی جانب سے آگاہی بھی پیدا کی جا رہی ہے اور انہیں درختوں اور سبزے کی اہمیت سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویثرن کے مطابق پنجاب جلد ایک ہرے بھرے صوبے کے طور پر نمایاں دکھائی دے گا۔