عراق، تین افراد کو دہشت گردی کے جرم میں پھانسی

عراق کے جنوبی شہر ناصریہ کی سنٹرل جیل میں دہشت گردی کے جرم میں 3 افراد کو پھانسی دے دی گئی۔عراقی حکام کے مطابق انھیں 2005 کے انسداد دہشت گردی قانون کے تحت قصور وار قرار دے کر پھانسی کی سزا کا حکم دیا گیا تھا۔عراقی ذرائع نے بتایا ہے کہ ان افراد کو دفعہ 4 کے تحت دہشت گردی کے جرم میں قصور وار قرار دے کر سزائے موت کا حکم دیا گیا تھا۔ان افراد کی پھانسی سے قبل انسانی حقوق کے علمبردار گروپوں نے خبردار کیا تھا کہ بغداد میں گذشتہ جمعرات کو تباہ کن بم دھماکوں کے بعد عراقی حکام ایک مرتبہ پھر جیلوں میں بند ملزموں کو تختہ دار پر لٹکانے کا عمل تیز کرسکتے ہیں۔عراق کے ایوان صدر کے ایک عہدیدار نے ا بتایا تھا کہ دہشت گردی یا دوسری مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث 340 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکانے کے احکامات تیار ہیں۔ان کے بعد ان مجرموں کو پھانسی دے دی جائے گی۔واضح رہے کہ عراقی حکومت نے دسمبر 2017میں داعش کے خلاف جنگ میں فتح کا اعلان کیا تھا۔اس کے بعد سے سینکڑوں افراد کواس سخت گیرجنگجو گروپ سے تعلق کے الزام میں سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔