پھل اور سبزیاں کاٹنے والا روبوٹ ڈیزان کرنے والے مکہ مکرمہ کے پندرہ سالہ عماد العمودی نے مسلسل تیسری بار عالمی اعزاز حاصل کیا ہے۔ یہ واحد عرب طالب علم ہے جس کا نام بین الاقوامی مقابلے میں اعزاز یافتگان کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ العمودی نے بتایا کہ اس نے پھل اور سبزیاں کاٹنے والا روبوٹ ڈیزائن کیا ہے۔
اس روبوٹ میں ایک آپریشنل بٹن ہے جو متحرک فولادی سٹینڈ کو حرکت دیتا ہے۔ اس کا رخ دھار دار بلیڈ کی طرف ہوتا ہے جس سے پھل اور سبزیاں کٹنے لگتی ہیں۔ فولادی سٹینڈ اپنی پہلی پوزیشن پر آجاتا ہے اور حرکت دینے پر دوبارہ پھل اور سبزیاں کاٹنے لگتا ہے،اس روبوٹ کا مقصد ریستورانوں اور باورچی خانوں میں کام کرنے والوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ عماد العمودی کا کہنا ہے کہ اس نے آن لائن بین الاقوامی مقابلے میں روبوٹ نیکسٹ پروجیکٹ پیش کیا تھا۔ ججوں کی کمیٹی نے مقابلے کے شرکا کو دو زمروں میں تقسیم کیا تھا۔ زمرہ اے میں بارہ سال اور زمرہ بی میں 13 برس اور اس سے زیادہ عمر کے بچوں کو رکھا گیا تھا۔