ذہنی سکون اورعبادات کی قبولیت کیلئے رزق حلال کھائیں: رہنما جمعیت اہلحدیث
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) ذہنی سکون کیلئے اللہ سے مسلسل رابطہ اورعبادات کی قبولیت کیلئے رزق حلال کھائیں اور اہل خانہ کو کھلائیں،بچوں کی تربیت اسلام کا خصوصی حکم ہے،موجودہ بد ترین بحرانوں سے نمٹنے کیلئے دین اسلام واحد راستہ ہے، ان خیالات کا اظہارجامع مسجد سعد بن معاذ گرجاکھ میں مرکزی جمعیت اہلحدیث حلقہ الشیخ ابو البرکات احمدؒ کے زیر اہتمام ماہانہ تبلیغی و تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سٹی سرپرست مولانا محمد صادق عتیق، امیر شہر علامہ پروفیسر محمد سعید کلیروی اور ناظم اعلیٰ سٹی مولانا محمد ابرار ظہیر نے کیا ۔ علامہ محمد صادق عتیق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان اور پاکستانیوں کو شدید ترین بحرانوں میں مبتلا کر دیا ہے، ریلیف کے جتنے بڑے دعوے کئے گئے تھے اتنی ہی تکلیف پہنچائی گئی علامہ محمد سعید کلیروی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل کی اخلاقی و اسلامی تربیت وقت کا تقاضا ہے، ہماری نوجوان نسل بد اخلاقی کی گہری کھائیوں میں گرتی جا رہی ہے جس سے ہمیں اس کو بچانا ہے، ناظم اعلیٰ سٹی مولانا محمد ابرار ظہیر نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کا پیغام نفاذ اسلام ہے،کیونکہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے، اسلا م ہی اس کے استحکام وبقاء کا ضامن ہے، آج ہماری معیشت سود سے آلودہ، تجارت جھوٹ سے لتھڑی ہوئی اور ہماری معاشرت غیر مسلموں کی نقالی سے عبارت ہو چکی ہے، ہمیں اپنے دین کی طرف لوٹنا ہوگا۔اس موقع پر حلقہ الشیخ ابو البرکات احمدؒ کے سرپرست مولانا امتیاز محمدی، امیر قاری محمد شفیق بٹ، ناظم مولانا سلیمان یزدانی، مولانا حافظ جابر گرجاکھی، مولانا افضل شاکر، شیخ محمد نعیم، مولانا یحیٰ گرجاکھی، مولانا یاسین طاہر اور دیگر علماء بھی موجود تھے۔