امیر علی شاہ نے رکن سندھ اسمبلی کا حلف اٹھالیا
کراچی (وقائع نگار)پیپلزپارٹی کے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی امیر علی شاہ نے پیر کواسمبلی کی رکنیت کا حلف اْٹھا لیا ،اسپیکر آغا سراج درانی نے امیر علی شاہ سے حلف لیا۔امیر علی شاہ نے سندھی زبان میں حلف لیا۔حلف برداری کے موقع پرانہوںنے سندھی اجرک پہنی ہوئی تھی جس پر پر جئے بھٹو تحریر تھا۔امیر علی شاہ نے جیسے ہی حلف اٹھانا شروع کیا سندھ اسمبلی کا ایوان جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔بعدازاں انہیں ایوان کے دیگر اراکین نے مبارکباد پیش کی۔وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ نے امیر علی شاہ کو مبارکباد پیش کرتے عل ہوئے کہا کہ علی مردان شاہ مرحوم ہمیشہ پیپلزپارٹی کیوفادار رہے آج انکا بیٹا امیرعلی شاہ الیکشن جیت کر اسمبلی پہنچا ہے پیپلزپارٹی عوام کی خدمت کرتی رہے گی دو ضمنی الیکشن ابھی اور ہونے ہیں ان میں بھی پیپلز پارٹی جیتے گی ،انشااللہ سانگھڑ اور ملیر ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد اسی ایوان میں ہم ایک مرتبہ پھرمبارکباد دے رہے ہوں گے۔وزیر اعلیٰ کے تہنیتی خطاب سے قبل پیپلز پارٹی کے رکن ممتاز جاکھرانی نے پی پی کے سیاسی مخالفین کے لئے لعنت کا لفظ استعمال کیا جس پر اپوزیشن ارکان نے ایوان میں احتجاج اور اور شور شرابہ کیا۔ممتاز جاکھرانی نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ لعنت ہو ایسے شخص پر جو الیکشن میں کامیابی کے لئے سہارے مانگ رہاتھا لیکن امیر علی شاہ نے بھاری اکثریت سے سابق وزیراعلیٰ کو شکست دی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید سردار شاہ نے کہا کہ ملک کے پس پردہ موسیقار علی مردان شاہ کی وفاداری تبدیل نہیں کراسکے ،الیکشن ہارنے پر اب ارباب رحیم وزیراعظم اور شاہ محمود قریشی سے خفا ہیں۔صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی تیمور تالپور نے کہا کہ سندھ پیپلزپارٹی کا قلعہ تھا ہے اور ہمیشہ رہے گاارباب غلام رحیم عمرکوٹ سے مسلسل شکست کھارہے ہیں اب ان کے لئے ہمارا مشورہ ہے کہ وہ آئندہ بھارت جاکر وہاں سے الیکشن لڑیں۔پیپلزپارٹی کے رکن ذوالفقار شاہ نے کہا کہ ایک جیالے نے سابق وزیراعلیٰ کو شکست دی ہے اورپی ٹی آئی کو اب سندھ میں امیدوار نہیں مل رہے ہیں۔صوبائی وزیر معدنیات شبیر بجارانی نے امیر علی شاہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے الیکشن مہم میں مدد کی ان سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ عمر کوٹ میں جس اکثریت سے کامیابی ملی یہ پیپلز پارٹی اور شہید بے نظیر بھٹو کی کامیابی ہے۔ واضح رہے کہ امیر علی شاہ نے حالیہ ضمنی انتخاب میںسابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کو شکست دی ہے۔امیر علی شاہ کے حلف اٹھانے کے بعد سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے ارکان کی تعداد 97 ہوگئی ہے۔