بد انتظامی کی بدولت کرکٹ کی یہ بحالی لوگوں کیلئے مشکلات کا سبب بن رہی ہے‘پی ایم اے
کراچی (نیوزرپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے انٹرنیشنل کرکٹ اور کھلاڑیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بد انتظامی کی بدولت کرکٹ کی یہ بحالی کراچی کے لوگوں کیلئے مشکلات کا سبب بن رہی ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سینٹرکے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد نے کہا کہ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کی پریکٹس اور 26جنوری سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کے دوران سڑکوں کی بندش سے بہت مشکل وقت سے گزریں گے اور شہر بھر میں ٹریفک جام رہے گا۔کراچی کے اطراف کے علاقے میںدو بڑے چند چھوٹے ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ کرونا وائرس کیلئے ایکسپو سینٹر پر ایک بڑا آئیسولیشن سینٹر بھی واقع ہے لہذا یہ ٹریفک جام ایمرجنسی اور علاج کی غرض سے ان ہسپتالوں کا رُخ کرنے والے بیمار لوگوں کیلئے سخت اذیت کا باعث بنیں گے۔ اس کے علاوہ ان ہسپتالوں میں جانے والے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکس بروقت پہنچ نہیں پائیں گے جس سے مزید مسائل پیدا ہوں گے نیز اپنے دفاتر یا دیگر کام کی جگہوں پر جانے والے لوگ بھی جاتے اور گھروں کو آتے ہوئے شدید مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں ۔ کراچی نیشنل اسٹیڈیم کے گرد سڑکوں کی بندش سے یونیورسٹی روڈ اور راشد مہناس روڈ پر ٹریفک کا دبائو بڑھ جاتا ہے جس سے ان سڑکوں پر بھی ٹریفک جام رہے گا۔ان حالات میں پی ایم اے نے انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ کراچی نیشنل اسٹیڈیم کو شہر سے باہر شفٹ کر دیا جائے۔