پی ڈی ایم کی تحریک ناکامی سے دو چار ہو چکی : ملک امین اسلم
حضرو(نمائندہ نوائے وقت) وزیر اعظم کے معا ون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک ناکامی سے دو چار ہو چکی ہے عدم اعتماد کی بات کرکے بلاول بھٹو نے وزیر اعظم عمران خان کو الیکٹیڈ قرار دیا ہے پاک فوج نے ملک وقوم کیلئے بے شمار قربانیاں دیں شہداء قوم کے ہیرو ہیں حلقے میں جاری ترقیاتی کاموں سے عوام کے معیار زندگی بلند ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوںنے یہاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ملک سیف الرحمن ،محمود خان ،مشتاق میر ،عامر عتیق ،احسان حمیدی ودیگر پارٹی کارکن موجود تھے ملک امین اسلم نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ورثے میں ملنے والے مسائل حل کرنے کیلئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور ان کی ٹیم دن رات کوشاں ہیں وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے جو بھی وعدے کیے تھے ان وعدوں کو پورا کیا جائے گا اپوزیشن کی تحریک اپنے بچائو کی تحریک ہے جو ناکامی سے دو چار ہو چکی ہے 31جنوری تک مستعفی ہونے کے فیصلے سے بھی وہ پیچھے ہو رہے ہیں جس سے ثابت ہو تا ہے کہ اپوزیشن حکومت کا مقابلہ نہیں کر سکتی ملک امین اسلم نے کہا کہ این اے 55میں وزیر اعظم کے خصوصی تعاون سے سوئی گیس اور بجلی کے منصوبوں کے علاوہ واٹر فلٹریشن پلانٹس پر کام جاری ہے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان نے اٹک کے دور دراز علاقوں کو سوئی گیس کی فراہمی کیلئے 4ارب کی گرانٹ کی منظوری دی جو ان کی عوام دوستی کے ثبوت ہیں ۔