کسان پیکیج کے جلد اعلان کا عندیہ

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’’کسان پیکیج کا اعلان جلد ہو گا‘‘ بلاشبہ ہماری تمام اشیاء خورد و نوش کا منبع زراعت ہے ، زراعت پر توجہ دے کر اجناس کے پیداواری تسلسل کو نہ صرف بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ اس سے عوام کو سستی اور خالص اشیاء خوردنی بھی مہیا کی جا سکتی ہیں جس سے زرعی درآمدات کی حوصلہ شکنی ہو گی ، گندم ، چینی ، دودھ ، سبزیوں اور دالوں سمیت تمام اشیاء خورد و نوش نہ صرف وافر دستیاب ہونگی بلکہ ان کو برآمد کر کے بھاری زرمبادلہ بھی کمایا جا سکے گا اس لیے کاشتکار کا خوشحال اورمطمئن ہونا ضروری ہے جس کے لیے وزیر اعظم نے ’’کسان پیکیج ‘‘ کے جلد اعلان کا عندیہ دیا ہے جو یقیناً خوش آئند ہے تاہم اس اہم ترین کام کو کسی صورت بھی تاخیر یا التواء کا شکار نہ ہونے دیا جائے ، حالات کا تقاضا اور ملکی ترقی و خوشحالی کی ضمانت بھی یہی ہے اسی طرح جنوبی پنجاب کو ماضی میں نظرانداز کیے جانے کی بات بھی درست ہے جو وزیر اعظم نے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے معاون خصوصی اور ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران کہی۔ قوم امید کرتی ہے کہ وزیر اعظم کسان پیکیج کے جلد اعلان کے ساتھ ساتھ جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات کے احکامات بھی صادر کریں گے۔