حکومت بلیک میلنگ کا ہر حربہ آزمالے‘ ڈرنے والے نہیں: مسرت نیازی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی سیکرٹری اطلاعات مسرت خان نیازی PTI حکومت کی جانب سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں PPP کی اراکین قومی اسمبلی نفیسہ شاہ اور شگفتہ جمانی پر بدعنوانی کے الزامات پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ اراکین قومی اسمبلی معاشرے میں نیک نام اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر معزز حیثیت رکھتی ہیں ان پر لغو اور الل ٹپ الزامات عائد کرنا صریح زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہBISP پیپلز پارٹی کی حکومت نے پوری نیک نیتی کے ساتھ مستحق خواتین کی فلاح کے لئے جاری کیا تھا اور اس کی کامیابی کا یہ بین ثبوت ہے کہ بعد میں آنے والی دو PP مخالف وفاقی حکومتوں نے بھی اسے بعینہ جاری رکھا۔ مسرت خان نیازی نے کہا کہ نفیسہ شاہ اور شگفتہ جمانی کی خدمات پارٹی ہی نہیں اپنے علاقے کے عوام کے لئے بھی بیش بہا ہیں ایسے گھٹیاں الزامات کے ذریعے ان کی توانا آواز بند نہیں کی جاسکتی۔ حکومت بلیک میلنگ کا ہر حربہ آزمالے جیالے ثابت قدم ہی رہیں گے۔