خیبر پختونخوا کے 3 وزرا عہدے سے فارغ, نوٹیفکیشن جاری

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے خلاف بغاوت کے الزام میں صوبائی کابینہ کے 3 وزرا ء کابینہ سے فارغ کر دیئے گئے ،ہٹائے جانیوالوں میں عاطف خان ، شہرام ترکئی اور شکیل احمد خان شامل ہیں ۔گوررنر ہائوس پشاور کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق فارغ کیے جانے والے وز را ء میں شہرام ترکئی، عاطف خان اور شکیل احمد شامل ہیں۔ گورنر خیبر پختونخوا نے آئین کے آرٹیکل 132 کی دفعہ 3 کے تحت سینیئر صوبائی وزیر عاطف خان، وزیر صحت شہرام تراکئی اور وزیر مال و ریونیو شکیل احمد سے ان کے قلمدان واپس لے لئے ہیں، یہ تینوں اب کابینہ کا حصہ نہیں اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے تینوں صوبائی وزرا کو ڈی نوٹیفائی کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق تینوں وزراء پریشر گروپ کے کرتا دھرتا تھے۔وزیرِ اطلاعات شوکت یوسف زئی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا سے تین وزرا ء کو فارغ کیا گیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ان تینوں میں ایک وزیر وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار بھی تھے،گروپ بندی پر اگر پارٹی خاموش رہتی ہے تو مسائل پیدا ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ عاطف خان، شہرام تراکئی اور شکیل احمد پر الزام لگایا جاتا ہے کہ یہ وزرا موجودہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی کارکردگی پر خوش نہیں تھے اور وہ دیگر ارکان کو بھی بغاوت پر اکسا رہے تھے،تینوں وزرا شروع دن سے پالیسی کی مخالفت کررہے ہیں،مجبوراً یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ عاطف خان کو 2018 کے عام انتخابات کے بعد وزارت اعلی کا اہم ترین امیدوار سمجھا جاتا تھا تاہم پرویز خٹک کی مخالفت کے باعث انہیں یہ عہدہ نہیں دیا گیا۔