مافیاز کی مزاحمت کے باوجود کرپشن کے خاتمے ،اصلاحات کامشن مکمل کرینگے‘ ہمایوں اختر
اسلام آباد( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے زیر سایہ ملک میں پنجے گاڑھنے والا مافیا جتنی مرضی مزاحمت کر لے کرپشن کے خاتمے اور اصلاحات کے جاری عمل کو مشن کے طو رمکمل کریں گے ،حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے خواب دیکھنے والے ناکام اور نا مراد رہیں گے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی سیاست کرپشن سے لتھڑے ہوئے نظام سے وابستہ ہے اس لئے اپنے زیر سایہ پروان چڑھنے والے مافیا ز کے ذریعے منفی پراپیگنڈا کیا جارہا جو جلد دم توڑ جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کرپشن کے خلاف زیر ٹالرنس ہے اور ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ خود اس کیلئے جگ ہنسائی کا باعث بنی ہے ۔ آج لوگ کرپشن اور کرپشن کرنے والوں سے نفرت کرتے ہیں جس کا مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت بھی شکار ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مضبوط اعصاب کے مالک ہے ، کرپشن کی پارٹنر جماعتیں اور ان کے حواری منفی پراپیگنڈے سے عمران خان کو زچ نہیں کر سکتے اور انہیں ابھی تک سوائے ناکامی کے کچھ نہیں ملا ۔