وزیراعظم کل کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرینگے، گورنر سندھ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ طلبہ کی کامیابی کے پیچھے والدین کی کوششیں ہوتی ہیں ، ان کی سوچ عظیم ہوتی ہے وہ قربانی دیتے ہیں، اپنی خواہشات کو دباتے ہیں تاکہ ان کی اولاد اپنا مستقبل تابناک بناسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عثمان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالاجی کے جلسہ تقسیم اسناد سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب این ای ڈی یونیورسٹی آف انجیئنرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقد ہوئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کی صورت میں حکومت نوجوانوں کو موقع دے رہی ہے کہ وہ ملک کے اندر رہتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 50 لاکھ تک کا قرضہ دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑے لوگ بڑا سوچتے ہیں، ان کے خواب بڑے ہوتے ہیں اس لئے آپ لوگوں کو بڑے خواب دیکھنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پیر کو وزیراعظم کراچی میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرینگے۔