مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ایک اور بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے تینوں کشمیریوں کو ترال میں شہید کیا۔دوسری جانب حریت رہنماوں کی اپیل پر بھارت کے یوم جمہوریہ پر دنیا بھر میں کشمیریو ں نے یوم سیاہ منایا جب کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا ۔ احتجاج کے پیش نظر جگہ جگہ بھارتی فوجی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی،ادھر وادی میں بھارت مخالف ریلیاں نکالی گئیں ، حریت رہنماوں کا کہنا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت کی جمہوریت مقبوضہ کشمیرمیں بری طرح بے نقاب ہو گئی ،جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضے کیخلاف کشمیری بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھانے کیلئے سراپا احتجاج ہیں، بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا مقصد بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف پیغام دینا ہے۔ بزرگ حریت رہنما سیدعلی گیلانی کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کے قتل عام نے بھارتی جمہوریت کے حقیقی چہرے کوبے نقاب کر دیا۔ سب سے بڑی جمہوریت کے دعوے دار ملک نے جمہوری آواز کا گلا دبا رکھا ہے۔ دیگرکشمیری رہنماو¿ں نے بھی اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایک طرف تو بھارت اپنا یوم جمہوریہ مناتا ہے اور دوسری طرف کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم کر رکھا ہے۔مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال پر امریکا نے بھی شدید تحفظات کا اظہارکیا ہے، معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے بھارتی حکومت پر زوردیا کہ وہ بغیر کسی الزام میں قید کشمیری قیادت کو جلد از جلد رہا کرے۔ ایلس ویلز نے امریکی سفارت کاروں کو مقبوضہ کشمیر میں باقاعدہ طور پر رسائی دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کو شروع ہونے والے بھارتی محاصرے کو 175 دن ہو گئے ہیں اور سرد موسم میں کشمیریوں کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں لیکن اس کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے جوان ہیں۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024