گجرات پولیس کرپشن سکینڈل محمد اشرف نے ضمانت کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) گجرات پولیس میں 2 ارب 96 کروڑ سے زائدکرپشن سکینڈل میں گرفتار محمد اشرف نے ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ درخواست میں ضمانت پر رہائی کی استدعا کی گئی ہے۔ دائر درخواست میں چیئرمین اور ڈی جی نیب لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا جس میں موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ اسی کیس میں رائے اعجاز احمد سمیت دیگر 2 ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کر چکی۔ درخواست گزار 46 روز تک نیب کی زیرحراست رہا ہے دوران حراست نیب درخواست گزار کے خلاف کوئی بھی ثبوت عدالتوں میں پیش نہیں کر سکا۔ درخواست گزار نے اعتراض اٹھایا کہ نیب نے مکمل تعاون کرنے کے باوجود 30 نومبر 2018 کو گرفتار کیا اور 14 ماہ سے جیل میں قید میں رکھا ہوا ہے، نیب نے تمام ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس فائل کردیا ہے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے ٹرائل کورٹ کے حتمی فیصلے تک ضمانت منظور کرے۔