جج استعداد سے بڑھ کر کام کر رہے ہیں ، عدالتی نظام کسی کوتاہی کا متحمل نہیں ہو سکتا: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
لاہور(وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مامون رشید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں موسمیاتی تغیرات سے لوگوں کی زندگیاں شدید متاثر ہورہی ہیں۔ پاکستان میں ہماری روزمرہ زندگیوں پر موسمیاتی تبدیلیاں اثر ہو رہی ہیں۔ پانی کی کمی اور آب و ہوا سمیت دیگر مسائل کی وجوہات سے لوگ ایک جگہ سے دوسری جگہ ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔ ججزکے لئے ضروری ہوتا ہے کہ وہ ہر مسئلے پر نظر رکھے۔جوڈیشل اکیڈمی میںتربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاضل چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ نئے نئے قوانین اور قوانین میں ہونے والی ترامیم سے اپ ٹو ڈیٹ رہنا ججز کے ضروری ہے۔ ہمارے لئے باعثِ فخر ہے کہ ہمارے ججز اپنی استعداد کار سے بڑھ کر کام کرتے ہیں۔ سسٹم ہر چیزکو دیکھ رہا ہے اور ہمارا عدالتی نظام کسی بھی قسم کی کی کوتاہی کو برداشت کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ججزکسی بھی دباؤ میں آئے بغیر بہترین انصاف فراہم کریں۔ فاضل چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ ہماری بھرپورکوشش ہے کہ جوڈیشل افسران کیلئے اندرون و بیرون ملک تعلیمی سکالرشپس شروع کروائیں تاکہ ججزکو سیکھنے کے مزید مواقع میسر آ سکیں۔ تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مامون رشید شیخ نے خصوصی شرکت کی قبل ازیں ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی حبیب اللہ عامر اور تربیتی کورس مکمل کرنے والے ایڈیشنل سیشن ججز اور سول ججز کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے جوڈیشل افسران میں اسناد بھی تقسیم کیں۔