ٹڈی دل کے بچیانہ اور مضافات میں حملے، گندم کی فصل کو شدید نقصان
بچیانہ‘ سمہ سٹہ‘ اسلام آباد، نیویارک (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار، بی بی سی) سندھ میں تباہی مچانے کے بعد ٹڈی دل بچیانہ اور مضافات کے علاقوں میں حملہ آور ہو گئی۔ ٹڈی دل نے گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچایا۔ دوسری جانب سمہ سٹہ اور گردو نواح میں بھی ٹڈی دل نے حملے کئے۔ جسے پرندوں نے شکار کر کے کافی حد تک قابو پا لیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں میں تباہی مچانے کے بعد ٹڈی دل بچیانہ اور مضافات کے علاقہ جات پر حملہ آور ہوگئی ہے۔ گذشتہ روز ٹڈی دل کے غول کے غول چک نمبر378گ ب، 374گ ب، چک نمبر580 گ ب اور دیگر دیہات کے کھیتوں میں حملہ آور ہوئے اور وہاں موجود گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچایا۔ کسان اپنی فصل بچانے میں مصروف ہیں لیکن تمام تر کوششیں بے سود ثابت ہو رہی ہیں اور ٹڈی دل کی تعداد میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ علاقہ میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملہ کو روکنے یا ان سے حفاظتی تدابیر کیلئے متعلقہ محکمہ کی جانب سے کسانوں کی رہنمائی کیلئے کوئی بھی عملی اقدامات نہ اٹھائے گئے ہیں جس کے باعث گندم کی فصل شدید متاثر ہورہی ہے۔ کسانوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹڈی دل سے بچائو کیلئے سپرے ٹیم متاثرہ علاقہ جات میں پہنچائی جائے جبکہ جن علاقہ جات میں ابھی تک ٹڈی دل نے حملہ نہیں کیا وہاں کے کسانوں کو حفاظتی تدابیر کے متعلق رہنمائی کرتے ہوئے سپرے کروائے جائیں۔ دوسری جانب ٹڈی دل ایک مرتبہ پھر سمہ سٹہ اور گردونواح میںحملہ آور ہو گئے لیکن اس مرتبہ ان کے گروہ بڑے ٹڈوں پر مشتمل ہیں اور 3 سے 4انچ کے بڑے بڑے ٹڈے جو چھوٹے چھوٹے غول کی صورت نمودار ہو رہے ہیں، بڑے پرندے اور کوؤں نے ان کا شکار کر کے بڑی حد تک قابو کر لیا ہے جبکہ ایک غول مدرسہ فیضان مدینہ میں پناہ کیلئے داخل ہوا تو نمازیوں نے مارنے سے گریز کرتے ہوئے ہال سے باہر نکال کر دروازے بند کر دیئے۔ جبکہ پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان نے کہا ہے کہ ٹڈی دل ملک کی زراعت کو برباد کر رہی ہے مگر نالائق حکومت اقتدار کے نشے میں میٹھی نیند سو رہی ہے۔ آصف علی زرداری نے اسمبلی میں ٹڈی دل کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے حکومت کو ہدایت کی تھی کہ ملکی زراعت کو ٹڈی دل کے حملے سے بچانے کے لئے ملک میں سپرے کروایا جائے مگر نالائق حکومت نے آصف علی زرداری سے بغض کی وجہ سے اس بات پر کوئی توجہ نہیں دی۔ علاوہ ازیں اقوامِ متحدہ نے مشرقی افریقہ میں ٹڈی دل کے شدید حملے سے نمٹنے کے لیے اقوام عالم سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے خوراک اور کاشتکاری کے ادارے (ایف اے او) کے ترجمان کے مطابق یہ مدد خوراک اور ذریعہ معاش کی حفاظت اور غذائی قلت کے خطرے سے نمٹنے کے لیے مانگی گئی ہے۔ مشرقی افریقہ کے ممالک ایتھوپیا، کینیا اور صومالیہ میں بڑے پیمانے پر خوراک کھانے والے حشرات نے حملہ کر دیا تھا۔ ایف اے او کو ڈر ہے کہ ٹڈی دل کی تعداد میں جون تک 500 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ ادارے کے مطابق ایتھوپیا اور صومالیہ نے اس پیمانے پر ان حشرات الارض کے حملے گذشتہ 25 سال میں نہیں دیکھے جبکہ کینیا میں ایسا گذشتہ 70 برس میں نہیں ہوا۔ اگر ٹڈی دل کے جھنڈ اسی رفتار سے پھیلتے اور بڑھتے رہے تو ان سے جنوبی سوڈان اور یوگینڈا بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔