ترکی، زلزلہ سے ہلاکتیں 29، 1000 زخمی، سینکڑوں عمارتیں تباہ:امدادی سرگرمیوں کیلئے تیار ہیں: جنرل باجوہ
انقرہ ‘ لاہور‘ اسلام آباد (این این آئی+نمائندہ خصوصی+ نیوز رپورٹر) ترکی کے مشرقی علاقوں میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے، زلزلے کے نتیجے میںہلاکتیں 29 ہو گئیں جبکہ 1000سے زائد زخمی ہوگئے، حکومت نے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کاررائیوں کے تحت خیمے اور کمبل فراہم کرنا شروع کردیے۔ متاثرہ علاقوں میں شدید سردی ہے اور درجہ حرارت رات کو صفر تک گرجاتا ہے۔ ترکی کے ساتھ ساتھ زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ملکوں شام اور ایران میں بھی محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ دارالحکومت انقرہ سے 550 کلومیٹر مشرق میں واقع صوبہ الزیگ میں آیا۔ اس کے بعد درجنوں جھٹکے محسوس کیے گئے۔ترکی کی وزیر صحت فخرالدین کوجہ نے دیگر وزراء کے ہمراہ امدادی آپریشن کی نگرانی کے لیے علاقے میں پہنچ گئے۔ وزیر داخلہ سلیمان سویلو کا کہنا تھا کہ زمین بوس ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے 30 افراد دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ زلزلے سے سینکڑوں عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ترکی کے صوبائی گورنر نے کہا کہ مشرقی صوبے الزیگ میں زلزلے سے 19افراد ہلاک اور 750سے زائد زخمی ہوگئے، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے ، زخمیوں کو قریبی ہسپتالوںمیں منتقل کردیا گیا، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، ملاتیا صوبے میں بھی زلزلے سے کئی افراد جاں بحق ہو گئے۔ زلزلے کے آتے ہی لوگ خوفزدہ ہو کر سڑکوں پر نکل آئے جو اب گھروں میں جاتے ہوئے گھبرا رہے ہیں۔ ترک صدر طیب اردگان نے کہا کہ زلزلے سے متاثر ہونے والے افراد کی امداد کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور ہم اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترکی کے مشرقی علاقے میں آنے والے شدید زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی میں آنے والے اس زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کا سن کر بہت دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پوری پاکستانی قوم، اپنے ترکش بہن بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ وزیر خارجہ نے اس زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ترک حکام کے نام اپنے پیغام میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کا دستہ ترکی کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں حصہ لینے کیلئے ہے۔ پاک فوج کے دستے میں سپیشل ریسکیو اور ریلیف ٹیموں سمیت فیلڈ میڈیکل سہولیات بھی مدد کے لئے تیار ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم نے ترکی میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا مشکل گھڑی میں ترک قیادت اور ترک عوام کے ساتھ ہیں۔ ترک بہن بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی ترکی کے صدر ادگان سے زلزلے کے باعث ہونیوالی ہلاکتوں پر تعزیت کی۔ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کے زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے۔ حکومت پاکستان زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ترکی کی عملی مدد کرے۔