مقبوضہ کشمیر: بھارتی یوم جمہوریہ، آج یوم سیاہ، 2 نوجوان شہید، گرنیڈ حملہ، 3 پولیس اہلکار زخمی
سرینگر(اے این این ) مقبوضہ کشمیر،بھارتی فوج کے ہاتھوںمزید2 نوجوان شہید،پولیس اسٹیشن پر حملے میں فوجی سمیت متعدد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق سرینگر کے نورباغ علاقے میں مجاہدین نے پولیس اسٹیشن پر گرنیڈ حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار، پولیس کانسٹیبل اور ایک مقامی شخص زخمی ہوگیا۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق زخمی سی آر پی ایف اہلکار کی شناخت ایم ہری ہرن جبکہ پولیس کانسٹبل کی سرتاج احمد کے طور پر ہوئی ہے۔اس حملے کے فوری بعد فوج نے صورہ سے سیمنٹ کدل تک کے علاقہ کو محاصرے میں لے لیا ہے۔دریں اثناء علاقے میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک نوجوان شہید ہونے کی اطلاع ملی ہے۔مارے جانے والے نوجوان کی لاش فوج نے قبضے میں لے لی ہے جس کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔مقبوضہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے جموں و کشمیر کے لئے براڈ بینڈ اور ڈیٹا سروسزدوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کرنے کے احکامات جاری کردئے تاہم ، سوشل میڈیا پر پابندیاں کم از کم 31 جنوری تک جاری رہیں گی۔مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے تقریبا چھ ماہ بعد مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز بحال کی جارہی ہیں۔ محکمہ داخلہ کے ایک آرڈر میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کو وائٹ لسٹ سائٹوں تک ہی محدود رکھا جائے گا اور کسی سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کی اجازت نہیں ہوگی۔ حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈیٹا سروسز پوسٹ پیڈ پر دستیاب ہوں گی ۔ادھر حریت رہنمائوں کی اپیل پر آج بھارت کے نا م مہاد یوم جمہوریہ پر مظاہرے ہونگے اور یوم سیاہ منایا جائے گا