سیاسی مخالفین پر کرپشن کا الزام لگانے والے ٹرانسپرنسی کی رپورٹ دیکھیں:ریاست بھٹی
رائے ونڈ (نامہ نگار) رہنماء مسلم لیگ ن ریاست علی بھٹی نے کہا کہ کرپشن اور چور ی کا شور مچانے والوں کی اپنی کرپشن اور چوریاں بے نقاب ہو گئیں، تحریک انصاف کے تمام وزیر کرپٹ اور نا اہل ہیں، دس سال کے بعد ٹرانسپرنسی انڈیکس تنزلی کا شکار ہوا ہے اور ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک میں ایک سال میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین پر کرپشن کے الزامات لگا کر بدنام کرنے والوں سے قدرت نے انتقام لیا ہے اور پوری قوم کے سامنے ان کا اصل چہر ہ بے نقا ب کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصا ف کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے، تحریک انصاف اقتدار میں رہی تو عوا م کی زندگیوں میں مزید مسائل اور پریشانیاں پیدا کرے گی، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) پر الزامات لگانے والوں کو خود منہ کی کھا نے پڑی ہے، ہمارے قائدین نے جمہوریت کے تسلسل اور ملکی استحکام کی خاطر جھوٹے الزامات کو نہ صرف برداشت کیا بلکہ نہائت خندہ پیشانی اور دانشمندانہ طریقے سے ان الزامات کا مقابلہ کیا کیونکہ ہم کبھی بھی نہیں چاہتے کہ جمہوریت ڈی ریل ہو۔