کمشنر سے مفتی عابد مبارک المدنی کی میمن بزنس کمیونٹی کے وفدکے ہمراہ ملاقات
کراچی( اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی افتخار شالوانی سے ان کے دفتر میں ممتاز مذہبی اسکالر مفتی عابد مبارک المدنی کے ہمراہ میمن بزنس کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے ملاقات کی۔وفد میں ورلڈ میمن کمیونٹی کے رکن اور رائس ایسوسی ایشن کے سابق چئیرمین محمد رفیق سلیمان،ممتاز بزنس مین ایچ ایم آر گروپ کے صدراور برکاتی فائونڈیشن کے چیئرمین حاجی محمد رفیق پردیسی،مولانا توقیر مصطفی شامل تھے۔ وفد نے میمن کمیونٹی کی جانب سے میرج ہالز 11 بجے تک رضاکارانہ بند کرنے کا اعلان کیا ۔ انھوں نے کہا کہ وہ حکومت سندھ سے تحریری درخواست کریں گے کہ میرج ہالز گیارہ بجے تک بند کرنے اور کھانے میں 2 ڈش کے لئے قانون سازی کریں تاکہ کراچی میں بھی پنجاب کی طرح میرج ہالز کو گیارہ بجے تک بند کر نے کے لئے پابند بنایا جا سکے۔ وفد نے کراچی کو خوبصورت بنانے کی حکومت اور کراچی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور ان کوششوں میں بھر پور تعاون کر نے میں دلچسپی ظاہر کی ۔انھوں نے کہا کہ میمن بزنس کمیونٹی کراچی کی ترقی اسے بہتر بنانے اور شہر کو خوبصورت بنانے کی کوششون میں اپنا کر دار ادا کر نا چاہتی ہے۔وفد نے کہا کہ وہ اڈاپٹ اے فٹ پاتھ اور فلائی اوورز کو خو بصورت بنانے اورآئی آئی چندریگر روڈ ، صدر اور طارق روڈ میں پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کے کراچی انتظامیہ کے منصوبوں کو کامیاب بنانے میں ہر ممکنہ تعاون کریں گے۔