رنگ روڈ اور عمار چوک کی ری ماڈلنگ کے منصوبوں میں تیزی لائی جائے، کمشنر
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی ڈویثرن کیپٹن(ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور اے ڈی پی کے تحت جاری 355 منصوبوں پرٹائم لائن کے مطابق کام کی رفتار کو تیز کیا جائے یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میںراولپنڈ ی میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر کام کی پیش رفت کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ڈی جی آر ڈی اے عمارہ خان ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نازیہ پروین سدھن ،اے سی ریونیو سبطین طابد کاظمی ،انجینئرز جمیل احسن، محکمہ نیسپاک ، بلڈنگز اوردیگر متعلقہ محکمو ں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی کمشنر محمد محمود نے کہا کہ رنگ روڈ اور عمار چوک کی ری ماڈلنگ کے منصوبوں میں تیزی لائی جائے اور الائنمنٹ کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور ان منصوبوں کے لئے ریکوائرڈ لینڈ کی مکمل تفصیلات حاصل کر کے لینڈ ریکوزیشن کا کام بھی شروع کیا جائے۔
تاکہ ان منصوبوں کے لئے مختص فنڈز کو مالی سال کے اختتام سے پہلے استعمال کیا جا سکے اور عمار چوک چکلالہ کی ری ماڈلنگ اس طرح کی جائے جس سے ارد گرد کی کم سے کم رہائشیں متاثر ہوں رنگ روڈ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس سے شہرمیں ٹریفک لوڈ کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو منزل پر پہنچنے کے لئے وقت کی بھی بچت ہو گی رنگ روڈ کے دونوں اطراف پر ٹائون پلاننگ اور کمرشل بلڈنگز بنا کر ایک نیا شہر آباد کیا جا سکتا ہے رنگ روڈ پر پارکنگ بے بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے کہ جہاں پر ہیوی ٹرالرانتظار کے لئے کھڑے ہو سکیںاور اپنے وقت پر سفر کر سکیں۔