پی سی بی میں بے ضابطگیاں، ایف آئی اے کی تحقیقات شروع
لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں کرپشن اور بدانتظامی کے ایک اور معاملے کی تفتیش کا آغاز کردیا ۔ بورڈ کے محکمہ لاجسٹکس کے آفیشلز کیخلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جن پر الزام ہے کہ معاہدے کی منظوری دینے کیلئے ٹور آپریٹر سے 'کمیشن' لیا۔ ایف آئی اے نے پی سی بی کے محکمہ لاجسٹکس کے سینئر آفیشلز اسد مصطفیٰ اور مقصود احمد کیساتھ ساتھ ٹور آپریٹرز کے نمائندے کو بھی بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر لیا ہے۔معاملے کی تحقیقات ایف آئی اے کے تحقیقاتی افسر گوہر وٹو کر رہے ہیں۔ایف آئی اے جن معاملات کی تحقیقات کر رہا ہے ان میں اسلام آباد کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر میں بدعنوانیوں، پی سی بی میں خلاف قانون تقریباً تین درجن تقرریوں، قذافی سٹیڈیم کے باہر لیز پر دکانیں دینے اور مارکیٹ سے انتہائی کم ریٹ پر کرائے کی وصولی، پرتعیش گاڑیاں انتہائی مہنگے داموں کرائے پر لینے اور ریجنل اکیڈمیز کو فنڈز کی ادائیگی میں قوانین کی خلاف ورزی اور قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ایڈورٹائزنگ حقوق کا حصول شامل ہے۔