جنوبی ایشیاء کا امن افغانستان سے وابستہ ہے: گورنر پنجاب
لاہور(خصوصی رپورٹر)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) مقصود احمد سے نئے چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن کے عہدے کا حلف لیا۔ گورنر ہائوس لاہور میں ہونے والی اس پُر وقارتقریب میں سیکرٹری سروسز پنجاب فرحان عزیز خواجہ، سارہ اسلم، صائمہ سعید کے علاوہ ممبرز پنجاب پبلک سروس کمیشن اور ان کے اہل خانہ موجود تھے۔ قبل ازیں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) مقصود احمد نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اداروں میں قابل اور موزوں افراد کی تعیناتی کو یقینی بنانا اور میرٹ کا بول بالا کرنا حکومت کا عزم ہے جس کے لئے کوئی کوتاہی یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دریں اثناہء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر عبیدابراہیم سلیم الزابی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ امارات کے درمیان اٹوٹ برادرانہ رشتہ قائم ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید تقویت پارہا ہے۔ متحدہ امارا ت کے سفیر عبیدابراہیم سلیم الزابی نے کہا کہ یو اے ای نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ اولین ترجیحات میں رکھا ہے اور ہم پاکستان کی ترقی اور بہتری کے لئے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ چلتے رہیں گے۔قبل ازیں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے گورنر ہائوس لاہور کیں مصنف طہٰ قریشی کی تصنیف ’’قیام امن اور اقوام عالم ‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایشیاء کا امن افغانستان سے وابستہ ہے ۔