حفیظ گھی ملز کے زیراہتمام ’’ملتان سلطانز‘‘ کے آفیشل لوگو کی تقریب رونمائی
ملتان (سپورٹس رپورٹر) شمع بناسپتی اینڈ کوکنگ آئل بنانے والے ادارے حفیظ گھی اینڈ جنرل ملز کے زیراہتمام پی ایس ایل کی ٹیم ’’ملتان سلطانز‘‘ کے آفیشل لوگو کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی جس میں چیئرمین ملتان سلطانز ناصرشون اور ان کے صاحبزادے خضرشون نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ تقریب میں مقامی صنعتکاروں‘ سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ تقریب کے میزبان چیف ایگزیکٹو حفیظ گھی ملز شیخ احسن رشید تھے۔ آفیشل لوگو کی تقریب رونمائی کے دوران مقامی گلوکاروں رومان ملک اور طاہر جبار نے مسحور کن آواز میں ’’ملتان سلطانز‘‘ کی سپورٹ میں اپنے تیار کردہ نغمے پیش کر کے تقریب کو چار چاند لگا دئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر شون نے کہا کہ ’’ملتان سلطانز‘‘ کے شہر ہی کی نہیں بلکہ جنوبی پنجاب بھر کی نمائندہ ٹیم ہے جس کا نام متعارف ہونے کے بعد اس خطے کے شائقین کی جانب سے ہمیں بھرپور سپورٹس مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ملتان سلطانز‘‘ کے متعارف ہونے سے ڈومیسٹک کرکٹ کو نیا فروغ ملے گا۔ 4فروری کو ’’ملتان سلطانز‘‘ کی باقاعدہ لانچنگ عالیشان انداز میں ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہوی رہے جس میں شعیب ملک اور وسیم اکرم اپنی اہلیہ کے ہمراہ شرکت کریں گے۔ خضر شون نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملتان سلطانز‘‘ پی ایس ایل میں لائف سٹائل برانڈ ثابت ہو گا کیونکہ اس ٹیم میں دنیائے کرکٹ کے سپرسٹار کرکٹرز شامل ہیں۔ چیف ایگزیکٹو حفیظ گھی ملز شیخ احسن رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب بھر کے کرکٹ لور ’’ملتان سلطانز‘‘ کو ویلکم کہتے ہیں۔ ’’ملتان سلطانز‘‘ کی لانچنگ سے اس خطہ کو گلوبل سطح پر منفرد پہچان ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ 4فروری کو ’’ملتان سلطانز‘‘ کی لانچنگ تقریب کے لئے حفیظ گھی ملز کی جانب سے بھرپور معاونت کی جا رہی ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ ’’ملتان سلطانز‘‘ کی لانچنگ تقریب کے موقع پر نمائشی میچ بھی منعقد ہو گا۔ ’’ملتان سلطانز‘‘ کی قیادت سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم اور ’’طوفان الیون‘‘ کی قیادت سٹار کرکٹر سابق کپتان قومی ٹیم شعیب ملک کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر چیف ایگزیکٹو حفیظ گھی ملزم شیخ احسن رشید کی جانب سے شرکاء کو عشائیہ بھی دیا گیا۔